نئی دہلی:09/جولائی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) سی پی ایم کے جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری نے کہا ہے کہ بی جے پی کے نظریات اور سیاست صحیح معنوں میں نفرت اور تشدد پر مبنی ہے۔فرقہ وارانہ فساد پھیلانے کے الزام میں بہار کی جیل میں بند وی ایچ پی اور بجرنگ دل کے کارکنوں سے مرکزی حکومت کے ایک وزیر کی مبینہ ملاقات سے متعلق میڈیا رپورٹس کے حوالے سے یچوری نے بی جے پی پر تشدد کی سیاست کرنے کا الزام لگایا۔یچوری نے بی جے پی کا نام لئے بغیر یہ الزام لگاتے ہوئے آج اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ یہ واقعہ صرف اس ایک یا دوسرے وزراء کے ساتھ منسلک نہیں ہے، بلکہ ان کا پورا نظریہ اور سیاست سماج کے کمزور طبقوں کے خلاف نفرت اور تشددپر مبنی ہے۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ہفتے جھارکھنڈ میں بھیڑ کی طرف سے پیٹ پیٹ کر قتل کے معاملے میں مجرم ٹھہرائے گئے شخص کے ساتھ مرکزی وزیر جینت سنہا کی تصاویر سامنے آنے پر بھی یچوری نے کہا تھا کہ جب مرکزی وزیر خود قصورواروں کے ساتھ نظر آئیں، تب یہ جاننے کے لیے بہت دور تک دیکھنے کی ضرورت نہیں ہے کہ ہمارا سماجی تانا بانا کن لوگوں کی وجہ سے اور کس نظریے کی وجہ سے تباہ ہو رہا ہے۔